ماہر تعلیم ڈاکٹر قیصر انور کنٹرولر ڈیرہ بورڈ بحال، ہائیکورٹ نے آرڈر جاری کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان: ماہر تعلیم ڈاکٹر قیصر انور کنٹرولر ڈیرہ بورڈ بحال، پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ بینچ نے آرڈر جاری کر دیا۔ معزز عدالت نے ڈاکٹر قیصر انور کو فوری طور پر کنٹرولر ڈیرہ بورڈ کا چارج سنبھالنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے معینہ مدت کی تکمیل تک بطور کنٹرولر تعیناتی کا حکم جاری کر دیا ہے۔ فیصلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ ڈاکٹر قیصر انور کی کارکردگی اور کسی بھی شوکاز نوٹس کے بغیر ڈیپوٹیشن کی مدت ختم ہونے سے پہلے عہدے سے ہٹایا جانا خلاف قانون تھا۔عدالت نے فیصلہ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہےبعض پرائیویٹ تعلیمی اداروں، چار صحافیوں اور ڈیرہ اسماعیل خان تعلیمی بورڈ پر مسلط کرپٹ عناصر نے ایکا کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر انور کو سابق وزیر اعلی علی امین گنڈا پور کی وزارت اعلی کے دوران عہدے سے ہٹانے کے لیے لابنگ کی تھی جس میں ذرائع کے مطابق چیئرمین ڈیرہ بورڈ پیش پیش تھے تاہم عدالت عالیہ نے تمام تر ثبوتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلہ میں یہ قرار دیا کہ کنٹرولر ڈیرہ بورڈ ڈاکٹر قیصر انور کو خلاف قانون عہدے سے ہٹایا گیا تھا نہ تو انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی ان کی کارکردگی پر کسی بھی قسم کا کوئی سوال اٹھایا گیا اور مقررہ مدت کی تکمیل سے پہلے ڈیپوٹیشن کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ تعلیمی اور سماجی حلقوں نے ہائیکورٹ کے فیصلہ کو انصاف اور قانون کی بالادستی گردانتے ہوئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر قیصر انور کی طرف سے ماہر قانون احمد علی خان ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور خالد سگڑ ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں