ملک و قوم کی بقاء اور دین اسلام کی سر بلندی کیلئے اپنی جانوں کی قربانیوں سے دریغ نہیں کریں گے آر پی او ڈیرہ ناصر محمود ستی۔تفصیلات کے مطابق 4 اگست یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمود ستی نے یادگار شہدائے پولیس پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس لائنز ڈیرہ میں شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی،قائم مقام سیشن جج میاں محمود،ایڈیشنل سیشن جج جمیل خان،ڈی پی او ڈیرہ ناصر محمود،پاک فوج کے افسران،ایس پیز انوسٹیگیشن، سی ٹی ڈی، سٹی،صدر،ایس ڈی پی اوز،لواحقین شہدائے پولیس اور غازیان پولیس،علما کرام، انجمن تاجران سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اِس تقریب میں شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شہید اور غازیان پولیس کے بچوں نے نعت، ملی نغمے اور تقاریر کیں۔ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے کہا اسلام میں اللہ تعالی نے جو مقام شہید کو دیا ہے وہ کسی کو بھی حاصل نہیں ہے شہید کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اس کی بخشش کر دی جاتی ہے۔اور شہدا ئے پولیس کی فیملیز کو صابرین کہا گیا ہے۔ آپ کو دیکھ کر ہماری فورسز کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔پولیس شہداء ہمارے قومی ہیروز ہیں ملک اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ موجودہ کٹھن حالات میں ہم ان کو نہیں بھولے شہدائے پولیس ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف ملکی بقا اور سلامتی کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی۔شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں جن کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔شہداء آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔4 اگست کا دن پورے پاکستان میں یوم شہدائے پولیس کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدا ء کی فیملیز کو یقین دہانی کرانا ہے کہ ان کے شہیدوں کی قربانی اور خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ہم آپ کے ساتھ ہیں۔کیونکہ انہی شہیدوں کے خون کی بدولت آج اس خطے میں امن و امان کی فضا قائم ہے۔آج کی یہ پروقار بھی شہدائے ارض وطن کے بلند حوصلے اور جراتوں کو سلام پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔آر پی او ڈیرہ نے ان مائوں اور بہنوں کو سلام پیش کیا جن کے پیاروں نے اپنا آج اس ملک کی سلامتی اور عوام کی جان ومال و عزت کے لیے ہمارے کل کے لیے قربان کیا۔آخر میں آر پی او ڈیرہ ناصر محمود ستی اور ڈی پی او ڈیرہ ناصر محمود نے شجر دوست کمیونٹی اور دامان ٹی وی کے تعاون سے شجر کاری مہم کے تحت شہدائے پولیس سے منسوب پودے لگائے جس میں پولیس شہدائے پولیس کے بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا شجرکاری مہم کے تحت شہدائے پولیس کے ناموں سے پودے لگائے جائیں گے۔