ڈیرہ اسماعیل خان: 8 فروری2024 کے جنرل الیکشن کے دوران جعلی انتخابی بینرزآویزاں کرنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور وزیر علیٰ خیبر پختونخوا کے بھائی سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کیپٹن(ر) عمر امین گنڈا پور کی درخواست پر9ماہ بعد جے یو آئی کے تحصیل امیر اور سابق امیدوار سٹی میئر و صوبائی اسمبلی حلقہ سٹی ون کے کفیل احمد نظامی اور دیگر ملزمان کےخلاف جعل سازی و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج
ایف آئی آر کے مطابق جنرل الیکشن فروری2024ء کے دوران7فروری 2024 ء کو رات گئے چند افراد کو پاکستان تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار NA-44-PK-112, PK-113 علی امین خان گنڈا پور کے جعلی انتخابی بینرز آویزاں کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا جن میں سے پکڑے گئے افراد کے ساتھی عثمان ولد جمیل تبسم سکنہ چھوٹا بازار نے یہ اعتراف کیا تھا کہ وہ اور اس کے پکڑے گئے دیگر ساتھی جمعیت علمائے اسلام کے نامزد امیدوارPK-113 صوبائی اسمبلی حلقہ سٹی ون کفیل احمد نظامی کی ایماء پر علی امین گنڈا پور کے یہ جعلی بینرشہر کے مختلف مقامات پر آویزاں کر رہے تھے جو دراصل ریٹرننگ افسر کی جانب سے علی امین گنڈا پور کو پہلے ملکہ اور پھر بوتل کا نشان الاٹ کیے جانے کا معاملہ تھا اور مبینہ طور پر یہ افراد علی امین گنڈا پور کے بوتل کے نشان والے بینرز آویزاں کر رہے تھے۔
واقعہ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور وزیر علیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورکے بھائی سٹی میئر تحصیل ڈیرہ کیپٹن(ر) عمر امین گنڈا پورنے تھانہ کینٹ میں مقدمہ کے اندراج کی درخواست دائر کی تھی جس پر ضلعی پولیس کی جانب سے محکمانہ کارروائی کے بعد جے یو آئی کے تحصیل امیر اور سابق امیدوار سٹی میئر و صوبائی اسمبلی حلقہ سٹی ون کے کفیل احمد نظامی سمیت ان کے سیکرٹری اور پانچ افراد کے خلاف چار دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان میں کفیل نظامی کا سیکرٹری نعمان ، تنویر(ملازم کفیل نظامی)، عثمان ولد جمیل تبسم سکنہ محلہ حضرت بلال چھوٹا بازار، محمد عامر ولد حاجی حقنواز، توقیر ولد کریم بخش سکنائے مظفر گڑھ اور دیگر رشتہ داران کفیل احمد نظامی شامل ہیں جن کے خلاف کینٹ تھانہ میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419-420-468-471 کے تحت جعلسازی، فراڈ اور دیگرالزامات کے تحت 9 ماہ بعد مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واضح رہے جے یو آئی کے تحصیل امیر اور سابق امیدوار پی کے 113 کفیل نظامی نے الیکشن ٹربیونل میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور پر اثاثہ جات چھپانے کی انتخابی عذرداری کے تحت کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے خاندانی ذرائع کےمطابق کفیل نظامی پر الیکشن ٹریبونل سے عذرداری کیس واپس لینے پر دبائو ڈالا جا رہا تھا جس سے انکار پر 9 ماہ کے بعد پولیس نے ان پر مقدمہ درج کر دیا ہے۔