راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کے فیصلے کا دعویٰ سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا، علیمہ خانم سے اختلافات پر علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں اور وکلاء کو ہدایت دی، بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کے فیصلے کی تصدیق کر دی اور انہیں فیصلےسے آگاہ کیا۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے لئے سہیل آفریدی کا نام سرفہرست ہے ، سہیل آفریدی کا تعلق فاٹا سے کےپی میں ضم ہونیوالے ضلع خیبر سے ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈا پور کو ہٹانے کے فیصلے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا،یہ تمام افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں، جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم ایسی افواہوں کی تردید کرتے ہیں۔
گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں گروپ بندی اور اختلافات کے معاملے پر شدید بحث ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹرینز نے علیمہ خانم اور علی امین گنڈا پور کے درمیان صلح کرانے کی تجویز دی جبکہ اجلاس میں بعض ارکان نے خیبرپختونخوا کے دو وزرا کو ہٹانے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔
