صوبہ بھر کی طرح کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن نے بھی 12 ربیع الاول کے سلسلہ میں رحمت اللعالمین سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا ۔
کمشنر آفس ڈیرہ اسماعیل خان کے تاریخی جرگہ ہال میں منعقد ہونے والی اس عظیم الشان رحمت اللعالمین کانفرنس 2024 میں انتظامی افسران کے علاوہ عمائدین شہر علماء کرام اور دانشوروں نے شرکت کی ،اس کانفرنس میں ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے طلبہ مابین نعت خوانی اور قرات کے مقابلے بھی کروائے گئے ۔ڈیرہ سمیت ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے قراء اور نعت خوانوں نے سماں باندھ دیا ۔ مقابلہ حسن قرات اور نعت خوانی میں سکولوں اور مدارس سے آئے بچوں نے حصہ لیا۔ پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے پوزیشن ہولڈرز میں ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں، اس پروقار تقریب کی صدارت کمشنر ڈیرہ سید عبدالجبار شاہ نے کی جبکہ سٹی میئر ڈیرہ کیپٹن (ر) سردار عمر امین خان گنڈہ پور اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔