ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان سارہ رحمٰن نے کہا ہے کہ خواتین کو درپیش مسائل کا حل اور شکایات کا ازالہ میری ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ہال میں خواتین کیلئے منعقدہ کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید گلفام عباس، اسسٹنٹ کمشنر فصیح اسحاق عباسی کے علاوہ سرکاری محکموں کے افسران و نمائندوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران خواتین شرکاء نے اپنے اپنے مسائل و شکایات سے متعلق ڈپٹی کمشنر کو آگاہی فراہم کی ان میں صفائی ستھرائی، پیسکو، ایس این جی پی ایل، صحت، تعلیم، دماغی صحت، ورزش، اجرت، پینے کے صاف پانی، لیڈیز پارکس اور دیگر تفریحی مقامات پر سہولیات کی عدم فراہمی، سیکورٹی و دیگر سرگرمیوں سے متعلق درپیش مسائل شامل تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف مسائل کے حل اور شکایات کے ازالے کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں جبکہ دیگر وقت طلب مسائل و شکایات کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی۔دامان ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان تعیناتی کے بعد سے ہی خواتین کو درپیش مسائل کا حل اور شکایات کا ازالہ ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے جس کے تحت لیڈیز پارکس اور تفریحی مقامات کی اپ لفٹنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس سی ای او واسا کا چارج بھی ہے لہذا وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر ممکن حل نکالا جا رہا ہے اور صفائی کی بہتر صورتحال آپ لوگوں کو جلد نظر آئے گی جبکہ کسی کو اگر صفائی کے عملے کی ڈیوٹی سے متعلق شکایت ہو تو متعلقہ دفتر میں ڈیوٹی روسٹر چیک کر سکتے ہیں۔ خواتین اور بچیوں کی مینٹل ہیلتھ امپروومنٹ کیلئے سکولوں کی سطح پر رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ ورکشاپس کا انعقاد آسان کیا جا سکے، اسی طرح بنیادی مراکز صحت میں بھی سہولیات بالخصوص مختلف پراجیکٹس کے دوران خواتین عملے کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ وہ اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام شکایت کنندگان کے رابطہ نمبر حاصل کیے جائیں تاکہ انکی شکایات اور ازالے سے متعلق تفصیلات انہیں فراہم کی جاسکیں انہوں نے کہا کہ جنرل اور خواتین کیلئے مختص کھلی کچہریوں کا تسلسل سے انعقاد کروں گی اور کوشش ہو گی کہ اگلی کھلی کچہری کے انعقاد سے قبل مکمل نہیں تو 70سے80فیصد شکایات کا ازالہ ہو چکا ہو۔ اس موقع پر شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ تسلسل سے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں گی۔