خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں اتوار کی رات سے بدھ تک مون سون کی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے شریف حسین کے مطابق تیز بارشوں اور آندھی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے سبب مقامی آبادی کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور پیر سے بدھ کے دوران طوفانی بارش سے بٹگرام ، مانسہرہ ، بالاکوٹ ، ایبٹ آباد ، سوات ، کوہستان ، مردان ، چارسدہ اور کوہاٹ کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ پشاور اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث مواصلات متاثر ہونے کا امکان ہے اور بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ مراسلے میں ہدایات دی گئی ہیں کہ جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو وہاں پر چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے اور سیاح دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔