ڈیر ہ اسماعیل خان: عوامی شکایات کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے سبسڈائز اشیاء کی خریداری کے لیے متعارف کرائے گئے موبائل او ٹی پی کوڈ سسٹم کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے اسٹورز پر حکومتی سبسڈی کے تحت آٹا، گھی، چینی اور دالیں فراہم کی جا رہی ہیں تاہم ان شیائ کی خریداری کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے ایک حد مقرر کر دی گئی تھی۔اس کے علاوہ اسٹورز انتظامیہ کی جانب سے یہ سسٹم نافذ کیا گیا تھا کہ جو بندہ بھی سبسڈائز اشیاء کی خریداری یوٹیلیٹی اسٹورز سے کرے گا وہ پہلے اپنا قومی شناختی کارڈ رجسٹر کرائے گا اور اس کے بعد اس کے موبائل پر ایک کوڈ آئے گا جس کی تصدیق کے بعد ہی اسے سبسڈائز اشیاءفراہم کی جائیں گی تاہم اس سسٹم کے باعث یوٹیلیٹی اسٹورز پر بہت سے بزرگ اور چند ایسے لوگ جن کے پاس موبائل نہیں تھا ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئے روز آئی ڈی کارڈ اور او ٹی پی کی تصدیق کی وجہ سے ہجوم بڑھ رہا ہے جس پر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے اس سسٹم کو ختم کرنے کا فیصلہ کرکے اس کے متبادل کوئی آسان سسٹم نافذ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔