محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کی صفائی کرنے پر سی ای او ڈبلیو ایس ایس سی کا عملہ صفائی کو انعامات

ڈیرہ اسماعیل خان: محرم الحرام کے دوران فرائض انجام دینے والے عملہ صفائی کی حوصلہ افزائی کے لئے چیف ایگیزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس سی ڈیرہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انہیں بہترین خدمات انجام دینے پر نقد انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو چوہدری عطاء اللہ نے اہل علاقہ سے ڈبلیو ایس ایس سی ڈیرہ کے اہلکاروں کی کارکردگی اور صفائی کی عمومی صورتحال اور خاص طور پر عشرہ محرم کے دوران محکمہ کی خدمات کے بارے میں بات چیت کی جس پر اہل علاقہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چوہدری عطاء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی کا عملہ اپنے متعلقہ علاقہ جات میں صفائی کی بہترین خدمات پیش کرنے کے لئے ہمہ وقت موجود ہے تاہم اس سلسلے میں عوامی تعاون ہر حال میں ناگزیر ہے۔ اگر عوامی تعاون ہو اور وہ اپنے گھروں یا دکانوں کا کچرا گلیوں سڑکوں اور نالوں نالیوں میں پھینکنے کے بجائے کچرے کے لئے مقرر کردہ مخصوص مقامات پر جمع کریں تو ایک طرف جہاں صفائی کے عملہ کو آسانی ہو گی وہیں وہ علاقہ بھی گندگی سے پاک نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ عوام میں اس بارے میں شعور آ رہا ہے جو کہ حوصلہ افزا بات ہے تاہم ابھی بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے جس کے لئے ڈیرہ کی سول سوسائٹی اور خاص طور پر علاقہ کے سرکردہ افراد کو اپنا کردار کرنا ہو گا۔