ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ کینٹ کی حدود میں ٹیلی نار فرنچائز میں 11مارچ 2023کو ہونیوالی ڈکیتی کے ملزمان کو ڈیرہ پولیس نے ٹریس کرلیا’ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ڈکیتی کا مرکزی ملزم منور سرائے گمبیلا میں ڈیرہ اور لکی مروت پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک ہوگیا اور دوسرا ملزم موقع پر زخمی حالت میں گرفتار ‘ دیگر تین ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری’پولیس نے ملزمان سے چھینے گئے 12موبائل اور تین لاکھ روپے کی نقدی برآمدکرلی ‘ ڈکیتی میں ملوث ملزمان بین الصوبائی گروہ سے تعلق رکھتے تھے جنہوں نے پنجاب ‘ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخوا میں متعدد ڈکیتی کی وارداتیں کی ہیں ‘ڈی پی او عبدالرئوف بابر قیصرانی کی پریس کانفرنس۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ عبدالرئوف بابر قیصرانی کی نگرانی میں ڈی ایس پی سٹی سرکل سید صغیر گیلانی اور ایس ایچ او تھانہ کینٹ صابر حسین بلوچ نے 11مارچ 2023کو تھانہ کینٹ کی حدود حق نواز پارک کے سامنے ہونےوالی ڈکیتی کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گرفتاری کے دوران ہونے والے فائرنگ مقابلے میں ایک ملزم جو افغان باشندہ تھا ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ڈی پی او عبدالروف بابر قیصرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان ملزمان نے پولیس کی اور ایف آئی اے کی وردی پہن کر ڈکیتی انجام دی اور چھ ملزمان میں سے تین گرفتار کر لیے گئے ہیں جبکہ باقی تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشاں ہیں۔یاد رہے ملزمان ٹیلی نار فرنچائز سے 16موبائل فونز اور مجموعی طور پر تین لاکھ 34ہزار روپے کی نقدی چھین کر فرار ہوگئے تھے جن میں سے ایک ملزم عابد علی کو گرفتار کرلیا ‘ جس سے کچھ برآمدگی ہوئی جس کی نشاندہی پر ڈیرہ پولیس اور لکی مروت پولیس نے مشترکہ طور پر سرائے گمبیلا میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشن کیا ‘ اس دوران ملزمان نے پولیس کو دیکھ پر پولیس پر فائرنگ کردی ‘ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی ‘ فائرنگ سے ڈکیتی کا مرکزی ملزم منور ہلاک ہوگیا ‘ جبکہ اس کا دوسرا ساتھی یوسف زخمی ہوگیا جس کو گرفتار کرلیا گیا جو اس وقت لکی مروت ہسپتال میں زیرعلاج ہے ‘ اسی طرح ڈکیتی کے دیگر تین ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے پولیس کوششیں کررہی ہیں ‘ پولیس نے موقع سے 12موبائل فون برآمد کئے ‘جبکہ 3لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد کرلی جبکہ فرنچائز کے مالک کا ایک پستول بھی برآمد کیا’ ڈی پی او عبدالرئوف بابر قیصرانی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ فرنچائز ڈکیتی کے ملزمان بین الصوبائی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان میں بلکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں کی ہیں ‘انہوں نے اس موقع پر ڈکیتی کے ملزمان گرفتار کرنے پر ڈی ایس پی سٹی سیدصغیر گیلانی اور ایس ایچ اوکینٹ صابر حسین بلوچ کو شاباش دی اور تعریفی سند کیساتھ 10/10ہزار روپے نقد انعامات سے بھی نوازا۔