نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر دینار کینسر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اس شعبہ اور اس سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت رو بعمل دینار کینسر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کے آڈیٹوریم میں سجائی جانے والی اس تقریب میں انسٹرکٹر نرسنگ کالج مس شہناز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر دینار ہسپتال سے وابستہ نرسز کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ نرسنگ انسٹی ٹیوٹ سے تعلق رکھنے والی نرسنگ سٹوڈنٹس کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر نرسز کا کہنا تھا کہ نرسنگ کا شعبہ شفقت، برداشت اور بے لوث خدمت کے جذبے کے حامل مرد و خواتین کا شعبہ ہے جس سے متعلقہ افراد مختلف امراض سے نبردآزما مریضوں کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے انتہائی شفیق طریقے سے ان کی تیمارداری کرتے ہیں اور ان کی خدمات محض وقت پر دوائی دینے تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ اپنے حسن اخلاق، حوصلہ افزائی اور خصوصی توجہ سے ان مریضوں میں زندگی کی رمق اور امید پیدا کرتے ہیں جو کسی بھی مصنوعی دوائی اور مرہم سے ممکن نہیں ہوتی۔
دینار کینسر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیلہ جاوید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شعبے محض پیشہ نہیں ہوتے بلکہ ایک مشن کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ طب کا شعبہ بھی دراصل مشن ہی ہے جس میں نرسنگ کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طبی ادارے میں ایک نرس ناصرف مریض کی نگہداشت و دیکھ بھال کا فریضہ انجام دیتی ہے بلکہ وہ متعلقہ ڈاکٹر کے لیے ان مریضوں کے حوالے سے ایک مفید معاون کا کردار بھی ادا کرتی ہے۔ ڈاکٹر نبیلہ جاوید نے اپنے خطاب میں تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں دینار ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان میں خدمات سر انجام دینے والی نرسز میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں
