ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران سرکاری کرایہ جات پر عمل درآمد کروانے میں ناکام، ٹرانسپورٹرز نے مسافروں سے من مانے کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے

ڈیرہ اسماعیل خان : ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران سرکاری کرایوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ،ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانے اضافے کر دیئے ،ڈیرہ جنرل بس اسٹینڈ سے مختلف شہروں میں چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ،مسافر سراپا احتجاج ،ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خاموشی سوالیہ نشانہ بن گئی ،مسافر اضافی کرایہ دینے پر مجبور ،شہریوں کا وزیر اعلی خیبر پختونخوا ،چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔مسافروں کے مطابق ڈیرہ جنرل بس اسٹینڈ سے دوسرے شہروں میں چلنے والی گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ،ڈیرہ سے ملتان ،ڈیرہ سے لاہور ،ڈیرہ سے راولپنڈی ،ڈیرہ سے پشاور ،بنوں کا کرایہ خیبر پختونخوا روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرایوں سے کئی گنا اضافی وصول کیا جا رہا ہے ،مسافروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ،خیبر پختونخوا روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرایہ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،اضافی کرایہ کی مد میں غریب محنت کش افراد کی جیبوں کا صفایا کیا جارہاہے ،بااثر ٹرانسپورٹر نے از خود کرایوں میں اضافہ کرکے مسافروں سے زائد کرایے کی وصولی شروع کررکھی ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز نے ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرایہ نامہ بھی گاڑیوں میں آویزاں نہیں کیے ہوئے جوکہ ڈی آر ٹی اے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،مسافروں کا کہنا ہے کہ اگر ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذمہ داران نے اضافی کرایے کے خاتمے کے لئے کردار ادا نہ کیا تو ہائی کورٹ سے رجوع کرکے ریلیف حاصل کیا جائے گااور ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی بارے ہائی کورٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔