کوہستان: مسافر بس میں دھماکہ، 9 چینی باشندوں سمیت 13 افراد ہلاک
خیبر پختونخوا کے شمالی پہاڑی علاقے اپر کوہستان میں گلگت جانے والی ایک مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں نو چینی انجینئروں اور فرنٹیئر کور کے دو اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک اور لگ بھگ 17 زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی اکثریت غیر ملکیوں کی ہے جو ایک ڈیم کے تعمیراتی منصوبے سے منسلک تھے۔
اپر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر محمد عارف کے دفتر کے اہلکاروں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جا رہی تھا کہ اپر کوہستان کے علاقے برسین کیمپ کے قریب اس میں ایک زور دار دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں نارتھ ٹرانسپورٹ کمپنی (NATCO) کی مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس میں سوار چھ مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 13 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں نو چینی باشندوں کے علاوہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دو اہلکار، بس ڈرائیور اور ایک مقامی باشندہ بھی شامل ہے۔
حکام نے بتایا کہ بس میں 36 افراد سوار تھے جن میں 26 چینی باشندے تھے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے 17 مسافروں کو داسو کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے زیادہ تر کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد فوری طور پر کوہستان روانہ کر دیا گیا ہے۔