یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے جاری نکاسی آب کے تین ارب روپے مالیت کے منصوبے پر پیش رفت

ڈیرہ اسماعیل خان :یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے میونسپل سروسز پروگرام کے تحت نکاسی آب کے سیوریج سسٹم کی تعمیر کے کام کے دوران بعض مقامی حلقوں کے تحفظات کو میونسپل سروسز پروگرام (ایم ایس پی) کے ذمہ داران نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نواب سمیر حسین لغاری اور معززین علاقہ کی موجودگی میں افہام و تفہیم سے حل کر دیا، عوامی حلقوں کا ایم ایس پی کے تحت تعمیر ہونیوالے نکاسی آب کے منصوبے پر اظہار اطمینان۔ تفصیلات کے مطابق نول باغ ٹانک اڈہ سے ٹائون ہال، زنانہ ہسپتال، کچہری روڈ سے یونین کونسل ڈیوالہ اور دریائے سند ھ تک تعمیر ہونیوالے سیوریج سسٹم کے اہم منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ منصوبہ جو کہ یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے میونسپل سروسز پروگرام کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے، یونین کونسل ڈیوالہ کے بعض سیاسی و عوامی حلقوں نے تعمیراتی کام پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نواب سمیر حسین لغاری کی موجودگی میں میونسپل سروسز پروگرام کے ذمہ دران انجینئر عالمگیر خان آفریدی اور ٹھیکیدار انعام اللہ خان مروت نے متعلقہ علاقے کا دورہ کیا۔ معززین علاقہ کی موجودگی میں ایم ایس پی کے ذمہ داران نے بعض حلقوں کے تحفظات کو موقع پر دور کیا، جس کے بعد مذکورہ منصوبے پر دوبارہ کام کا آغاز کردیا گیا۔ عوامی حلقوں نے ایم ایس پی پروگرام کے تحت تعمیر ہونیوالے زیر زمین نکاسی آب کے منصوبے کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا.