سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی، کیپرا نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹرائبل ٹیکسٹائل ملز سیل کر دی

ڈیرہ اسماعیل خان: ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹرائیبل ٹیکسٹائل ملز کو ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل کلکٹر ساؤتھ ریجن آفتاب احمد کی خصوصی ہدایت پر کیپرا کی ٹیم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ٹرائبل ٹیکسٹائل ملز کو موقع ہی پر سیل کر دیا جبکہ پانچ ہوٹل اور ریسٹورانٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے اور انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے ٹیکس کی ادائیگی کو درست کریں بصورت دیگر پانچ روز کے بعد ان کے کاروبار کو سیل کیا جائے گا ۔
ڈپٹی کلکٹر سعود خان، اسسٹنٹ کلکٹر اختر رسول، آڈٹ آفیسر واصف رحمان، آڈٹ آفیسر کامل زادہ، انسپکٹر عبدالخالق اور ڈی پی او وسیم احمد پر مشتمل کیپرا کی ٹیم نے منگل کے روز چھاپہ مار کارروائی کے دوران ٹرائبل ٹیکسٹائل ملز کو سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی پر سیل کر لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر آفتاب احمد نےٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے بچنے کے لیے اپنا ٹیکس بروقت ادا کریں۔ ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہماری زمہ داری ہے اور اس ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوام سے چارج کیا گیا سیلز ٹیکس آن سروسز سرکاری خزانے تک پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرائبل ٹیکسٹائل ملز کی انتظامیہ کو متعدد نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور ان کو ٹیکس جمع کرانے کی باربار ہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم ان کی طرف سے کسی قسم کی پش رفت سامنے نہ آنے پر ان کے خلاف خیبرپختونخوا سیلزٹیکس ان سروسز ایکٹ 2022 کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔