تفصیلات کے مطابق تھانہ درابن کے عقب میں سرکاری سکول پر دہشت گردوں نے رات گئے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی حملہ کرنے والوں میں چار خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔گزشتہ رات تین بجے کے قریب دہشت گردوں نے تھانہ درابن کے عقب میں واقع سرکاری سکول کی عمارت سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی اور فائرنگ کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہو گئے جس سے عمارت گرنے سے رہائش پذیر سیکورٹی فورسز کے 23 اہلکار شہید جبکہ تیس کے قریب زخمی ہو گئے۔
تحصیل درابن میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں اور نعشوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب تحصیل درازندہ اور تحصیل کلاچی میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر سیکیورٹی فورسز کے حملہ میں 27 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے دوسری جانب تحصیل درابن میں ہونے والا آج کا پرچہ ملتوی کر کے تمام سرکاری و نجی سکولز کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
جب کہ تحصیل کلاچی میں رات گئے آپریشن کیا گیا جس میں تین دہشت گرد ہلاک اور ایک سیکورٹی اہلکار شہید ہوا ہے۔