ڈیرہ اسماعیل خان : وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سردار علی امین گنڈہ پور نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ، محکمہ پولیس میں مزید بھرتیاں کررہے ہیں اور پولیس کو جدید آلات و اسلحہ فراہم کیا جارہاہے، عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ہسپتالوں میں بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں ، صحت کارڈ کو وسعت دے رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خیبرپختونخواہ ہائوس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر کمشنر ڈیرہ سید عبدالجبار شاہ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سارہ رحمن ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد عابد، منتخب عوامی نمائندوں اورپی ٹی آئی کے ورکرز موجود تھے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے 9ارب روپے کی لاگت سے پانچ تحصیلوں کیلئے 14سڑکوں ، 5پلوں اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر کانقاب کشائی کرکے سنگ بنیاد رکھا ، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دو فلائی اوورز کی تعمیر کے آغاز کیلئے تمام تر کام مکمل ہوچکاہے فنڈز بھی مختص ہوچکے ہیں ، انشاء اللہ عنقریب اس پر بھی کام کا آغاز کردیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ پورے صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں ، صوبے کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جارہاہے، عوام کا پیسہ عوام پر لگائینگے، ڈیرہ اسماعیل خان میں نکاسی آب کے مسئلہ کے حل کیلئے سیوریج لائن کا منصوبہ انٹرنیشنل معیار کا منصوبہ تھا لیکن اس میں گندگی اور تعمیراتی کچرا ڈال کراس کو بند کیا گیا، عوام شعور پیدا کرے لفافے ، گندگی اور کچرا اس میں نہ پھینکے ، کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سرکاری اداروں میں آگے لایا جارہاہے تاکہ ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے، پولیس ہم میں سے ہے ،پولیس نے بڑی قربانیاں دیں ہیں ،رشوت کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے .