محکمہ تعلیم اور ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے تعلیم سب کے لیے داخلہ مہم جاری

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) ڈیرہ ڈاکٹر مسرت حسین بلوچ نے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے حوالے سے داخلہ مہم ” تعلیم سب کے لیے” کے عنوان سے جاری ہے، والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کرائیں کیونکہ سرکاری تعلیمی اداروں کی بلڈنگز معیاری ہیں اور تعلیمی اداروں میں تمام تر سہولیات موجود ہیں ، پی ایچ ڈی اور ایم فل اساتذہ کرام بچوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں ، والدین بچوں کے روشن مستقبل کیلئے حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں ، بورڈز کے امتحانات کے دوران سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کی ہیں ، جس کے باعث طلبہ اور ان کے والدین کا سرکاری سکولوں پر اعتماد بڑھا ہے اور اب طلبہ پرائیویٹ سکولوں کو چھوڑ کر ہمارے سرکاری سکولوں میں داخلے لے رہے ہیں۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا اور ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے سکولز داخلہ مہم احسن طریقے سے چلائی جا رہی ہے جو 30 اپریل تک جاری رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں دامان ٹی وی سے گفتگو کے دوران کیا ، ڈی ای او محکمہ تعلیم ڈاکٹر مسرت حسین بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ حکومت کی طرف سے داخلہ مہم کے دوران دیئے گئے ٹارگٹ سے زیادہ طلبہ کو داخلہ دینے کا ٹارگٹ پورا کرینگے، نئے تعلیمی سال کیلئے طلبہ کو مفت کتب فراہم کرینگے اور جلد ہی پشاور کی جانب سے کتب کی ترسیل شروع کر دی جائے گی ،اپریل کے آخر تک کتب محکمہ تعلیم کو موصول ہو جائینگی ، لیکن فی الحال پرانی کتب پر نئے سال کا آغاز کر دیا گیا ہے، ہم نے تعلیمی اداروں میں 70 فیصد فرنیچر کی کمی کو دور کر دیا ہے، اگر خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے فنڈز محکمہ تعلیم کو فراہم ہو گئے تو باقی 30 فیصد فرنیچر کی کمی کو پورا کر دیا جائیگا، گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2پہاڑ پور اور گورنمنٹ ہائی سکول پنیالہ کی دوبارہ تعمیر کی جارہی ہے، اسی طرح سیلاب سے متاثرہ 138سکولوں کی تعمیر کیلئے فیز ون پشاور میں جمع کرا دیا گیاہے، جن میں سے 17 تعلیمی اداروں کی تعمیر کی منظوری ہوچکی ہے، اور اس کیلئے فنڈز بھی ریلیز ہو گئے ہیں ،95سکولوں کی مرمت اور ان کی تزین و آرائش کرائی جا رہی ہے جن میں سے 50سکول مکمل ہو چکے ہیں ، اپریل 2024 کے آخر تک 45 دیگر سکول بھی مکمل ہو جائینگے، ڈاکٹر مسرت حسین بلوچ کا کہنا تھا کہ 9ہائیر سکینڈری سکولوں رمک ، درابن خورد، کچی پائند خان ، یارک ، کیچ، پہاڑ پور نمبر1، ڈھلہ اور شورکوٹ کی معیاری بلڈنگ کی تعمیر کی بھی منظوری ہوچکی ہے اور ان پر کام شروع ہونے کو ہے ،ہائیر سکینڈری کا درجہ ملنے کے بعد نائیویلہ اور ہمت کی تعلیمی عمارات کی تکمیل آخری مراحل میں ہے، ان کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر ہائیر سکینڈری کلاسز شروع کر دی جائینگی، عنقریب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر جی پی ایس تھہیم آباد، جی پی ایس مدنی ٹائون ، جی ایم ایس ظفر آباد کی بلڈنگز کی تعمیر کا منصوبہ بھی آخری مراحل میں ہے ۔