داخلہ مہم میں پرائیویٹ سکولوں اور سکول سے باہر ہزاروں طالبات کے سرکاری سکولوں میں داخلے ، ڈپٹی ڈی ای او ڈاکٹر فرحت

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا سکول داخلہ مہم ” تعلیم سب کے لیے ” علم ٹولو دہ پارہ میں ہزاروں طالبات نے سرکاری سکولوں میں داخلے کرائے ہیں جو سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم اور جدید سہولیات پر طلبہ اور والدین کے اعتماد کا اظہار ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) ڈاکٹر فرحت یاسمین نے اپنے دفتر سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا اور ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے پچھلے ایک ماہ سے جاری داخلہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے اور اس داخلہ مہم کے دوران ہزاروں طالبات نے سرکاری سکولوں میں داخلے لیے ہیں جو گورنمنٹ سکولوں پر طلبہ اور ان کے والدین کا اعتماد کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ اس داخلہ مہم کے دوران بڑی تعداد میں پرائیویٹ سکولوں اور سکول سے باہر بچیوں نے تعلیمی اداروں کا رخ کیا اور اس کی اہم وجہ مفت درسی کتب اور مفت تعلیم وتربیت کی فراہمی ہے انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات پر نہ صرف مفت درسی کتب فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ مستحق طالبات کو ماہانہ وظائف سمیت ماڈل سکولز میں خوارک اور بچیوں کی ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں نہ صرف یہ بلکہ طلبہ کو سرکاری سکولوں میں پینے کے صاف پانی اور سولر سسٹم کی سہولیات دستیاب ہیں جو پرائیویٹ سکولوں میں بہت کم پائی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ طلبہ اور ان کے والدین کا پرائیویٹ کی بجائے سرکاری سکولوں کی طرف رجحان میں اضافہ ہوا ہے جو آئندہ مزید بڑھے گا بورڈ ایگزام میں سرکاری سکولوں کے طلبہ کی نمایاں کارکردگی بھی اس کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ان کا کہنا تھا کہ اکثر اکیڈمیز میں سرکاری سکولوں اور کالجز کے اساتذہ ہی کی بدولت ان کے اچھے نتائج سامنے آتے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ والدین اپنے بچوں کا مستقبل سنوارنے اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ سرکاری سکولوں میں پی ٹی سی کونسلز والدین اور کمیونٹی کی شراکت کو مضبوط بنانے اور بہتر تعلیمی نتائج کے لیے قائم کی گئی ہیں جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں ڈاکٹر فرحت یاسمین کا کہنا تھا کہ اس داخلہ مہم کی کامیابی کا سہرا ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی ٹیم کو جاتا ہے جن کے تعاون سے ڈیرہ اسماعیل خان میں داخلہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے جس کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی تعلیم دوست اقدامات کے لیے ویر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔