ڈیرہ اسماعیل خان : تھانہ درابن کی حدود میں نامعلوم افراد کی کسٹم انٹیلیجنس اہلکاروں کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ، 5 کسٹم اہلکاروں اور باپ بیٹی سمیت 7 افراد قتل، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی واردات کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ درابن کی حدود میں سگو کے مقام پر کسٹم انٹیلیجنس کے اہلکار معمول کی چیکنگ کر رہے تھے کہ اچانک جھاڑیوں میں چھپے نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ کسٹم اہلکاروں سمیت ایک پانچ سالہ بچی اور ایک عام شہری بھی قتل ہو گیا۔ قتل ہونے والے کسٹم اہلکاروں میں شہاب علی خان، عطار عالم، اکبر زمان، عنایت اللہ ، محمد اسلم جبکہ ایک پانچ سالہ بچی لائبہ بی بی اور اسکا والد صفت اللہ ولد مختار علی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور درابن روڈ پر سگو کے قریب جھاڑیوں میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے گولیوں کے خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا تاہم حملہ آور قریبی جھاڑیوں میں چھپے ہوئے تھے۔ پولیس اور ریسکیو اداروں کو اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو 1122کی ٹیموں نے جاں بحق افراد کی نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا ہے واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے اس سے قبل بھی درابن روڈ پر کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں پندرہ سے زائد اہلکار اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور ان اہلکاروں کی حفاظت کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں تاہم یہ پہلا واقعہ ہے جس میں کسٹم اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ایک پانچ سالہ بچی اور اور اس کا والد بھی قتل کیے گئے ہیں۔