درازندہ زام پکٹ کے قریب دہشتگردوں کے حملے میں دس ایف سی اہلکار شہید تین زخمی ہو گئے، پولیس ذرائع

ڈیرہ اسماعیل خان : درازندہ روڈ پر سیکورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے میں 10سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 3اہلکار زخمی ہوگئے، شہداء اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، ۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز کا قافلہ ایف سی زام پکٹ واقع درازندہ پہاڑ کی طرف روانہ تھا کہ درازندہ روڈ پر دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز پر اچانک حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں 10سیکورٹی اہلکار نائب صوبیدار محمد جان محسود ، نائیک محمد عارف خٹک، لانس نائیک سعید الرحمن محسود، سپاہی اخون زادہ محسود، سپاہی حضرت اللہ محسود، سپاہی مشتاق احمد محسود، سپاہی عبد الصمدمحسود، سپاہی عمران خٹک، سپاہی بصیر اللہ خٹک،سپاہی مہتاب خٹک شہید ہوگئے، جبکہ تین سیکورٹی اہلکار نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب زخمی ہوگئے ، جن کو فوری طور پر سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا، واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔