ڈیرہ کے 16 سالہ طالب علم نے ریموٹ کنٹرول جہاز بنا لیا

ڈیرہ اسماعیل خان کے نوجوان کا کمال، 16 سالہ طالب علم نے 20 دن میں ریموٹ کنٹرول جہاز بنا لیا
ڈیرہ اسماعیل خان: محدود وسائل، بلند حوصلے اور کچھ کر دکھانے کے عزم نے یونین کونسل ہمت کے 16 سالہ طالب علم کو منفرد کارنامہ انجام دینے پر آمادہ کر دیا۔ چھٹی جماعت میں زیرِ تعلیم نوجوان نے محض 20 دن کی محنت سے ریموٹ کنٹرول جہاز تیار کر لیا، جس پر تقریباً 40 ہزار روپے لاگت آئی ہے اور یہ جہاز ایک فرد آپریٹ کر سکتا ہے جس میں گتے اور مشین کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کا وزن تقریبا دو کلو گرام ہے۔
محمد عمیر کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے اس کے گھر والوں کی حوصلہ افزائی اور بھرپور تعاون شامل ہے۔ اہلِ خانہ کو یقین تھا کہ وہ کچھ منفرد کر دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس نے اس کے اعتماد اور جذبے کو مزید تقویت دی۔
اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے خواہش مند نوجوان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اس کی سرپرستی کرے اور ضروری وسائل فراہم کیے جائیں تو وہ بڑے پیمانے پر یہ کام کر کے اپنے ملک کا نام روشن کر سکتا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے اس کم عمر طالب علم کی کاوش اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ صلاحیتیں صرف بڑے شہروں یا جدید سہولیات کی محتاج نہیں ہوتیں؛ مناسب رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مواقع ملیں تو نوجوان محدود وسائل میں بھی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں تکنیکی رہنمائی اور عملی مواقع فراہم کیے جائیں، تاکہ ان کا شوق مستقبل میں سائنسی و تکنیکی ترقی کے لیے مفید ثابت ہو سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں