کوئٹہ: وفاقی وزیر زبیدہ جلال کا پاک ایران بارڈر ،مند پیشین کا افتتاح
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور ایران کے وزیر روڈ و شہری ترقی محمد اسلامی نے آج ضلع کیچ تربت سے متصل پاک ایران بارڈر پیشین مند کراسنگ پوائنٹ کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں پاکستان اور ایران کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور خصوصا بلوچستان کے عوام لیے تاریخی دن ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں دونوں برادر مسلم ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو تاریخی فروغ حاصل ہو رہا ہے۔اور 6 مہینے کے کم عرصے میں دو کراسنگ پوائنٹ کھولنا ایک اہم سنگ میل ہے۔ پاک ایران کے مند پیشین بارڈر کراسنگ سے علاقے کے مکینوں کو روزگار اور تجارتی فوائد حاصل ہونگے یہ پاکستان اور ایران کا تیسرا بارڈر کراسنگ پوائنٹ ہے جبکہ دسمبر 2020 کو وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ضلع گوادر سے منسلک گبد ریمدان کا بھی افتتاح کیا تھا۔ان بارڈر کراسنگ پوائنٹس سے نہ صرف دونوں برادر مسلم ہمسایہ ممالک کی دوطرفہ تجارت بلکہ باہمی تعلقات اور سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔