سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی، عوامی املاک پر غیر قانونی بل بورڈز نصب

ڈیرہ اسماعیل خان: سپریم کورٹ کے حکم کی سنگین خلاف ورزی، وکلاء کا اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سید ارسلان شاہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ میں سرکاری املاک پر سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیر قانونی بل بورڈز کی تنصیب پر وکلاء نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔ عید کی تعطیلات کے بعد مقدمہ کے اندراج کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ڈیرہ میں عوامی املاک پر غیر قانونی بل بورڈز نصب کیے گئے ہیں تاہم انسداد تجاوزات کے نام پر جاری مہم میں بدترین امتیازی سلوک دیکھنے میں آ رہا ہے ایک طرف چہیتوں کو نوازا جا رہا ہے دوسری طرف عام اور غریب لوگوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے اور عوام کے قانونی اور جائز املاک کو گرایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حالیہ دنوں میں جی پی او کی دیوار کے باہر سرکلر روڈ، بنوں روڈ پر انصاف پارک، اینٹی کرپشن سرکل آفس ڈیرہ اور ڈگری کالج نمبر 1 کے باہر نئے غیر قانونی بل بورڈز نصب کیے گئے ہیں۔ شہریوں نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ کی امتیازی انسداد تجاوزات مہم پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں