فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا اعلان کر دیا، یہ سب سے بڑا ایونٹ ہو گا

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک جاری رہے گا اور اس میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔
فیفا کے مطابق افتتاحی میچ 11 جون کو میکسیکو سٹی سٹیڈیم میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ فائنل 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی سٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
یہ ورلڈ کپ کئی حوالوں سے منفرد ہوگا۔ پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے مدمقابل ہوں گی جبکہ ٹورنامنٹ 39 روز تک جاری رہے گا۔
میچز امریکہ کے 11، میکسیکو کے تین اور کینیڈا کے دو شہروں سمیت مجموعی طور پر 16 میزبان شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
نئے فارمیٹ کے تحت 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ہر گروپ کی پہلی دو ٹیمیں براہِ راست اگلے مرحلے میں پہنچیں گی جبکہ آٹھ بہترین تیسرے نمبر کی ٹیمیں بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اس طرح مجموعی طور پر 32 ٹیمیں راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنائیں گی۔
پاکستانی شائقین کے لیے اہم بات یہ ہے کہ شمالی امریکہ اور پاکستان کے درمیان وقت کے فرق کی وجہ سے بیشتر میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات گئے، علی الصبح یا صبح کے اوقات میں شروع ہوں گے۔
گروپ مرحلے میں عالمی چیمپیئن ارجنٹینا 16 جون کو الجزائر کے خلاف میدان میں اترے گا۔
افتتاحی میچ میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق 12 جون کی رات اور 13 جون کی ابتدائی ساعتوں میں دیکھا جا سکے گا، جبکہ میزبان امریکہ اپنی مہم 13 جون کو پیراگوئے کے خلاف شروع کرے گا۔
گروپ مرحلے میں عالمی چیمپیئن ارجنٹائن 16 جون کو الجزائر کے خلاف میدان میں اترے گا۔
لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن 22 جون کو آسٹریا اور 27 جون کو اردن کے خلاف بھی کھیلے گا۔
دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال 17 جون کو کانگو ڈیموکریٹک ریپبلک، 23 جون کو ازبکستان اور 27 جون کو کولمبیا کا سامنا کرے گا۔
گروپ مرحلے کے میچز 27 جون تک جاری رہیں گے۔
ٹورنامنٹ کے دیگر نمایاں مقابلوں میں برازیل اور مراکش، فرانس اور سینیگال، انگلینڈ اور کروشیا، سپین اور یوراگوئے، جرمنی اور آئیوری کوسٹ جبکہ نیدرلینڈز اور جاپان کے میچز شامل ہیں، جن سے شائقین کو سخت اور دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔
گروپ مرحلے کے میچز 27 جون تک جاری رہیں گے، جس کے بعد 28 جون سے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز راؤنڈ آف 32 سے ہوگا۔ پری کوارٹر فائنلز 4 سے 7 جولائی، کوارٹر فائنلز 9 سے 11 جولائی جبکہ سیمی فائنلز 14 اور 15 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں 104 میچز میں حصہ لیں گی۔
تیسری پوزیشن کا میچ 18 جولائی کو میامی کے ہارڈ راک سٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جبکہ ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو نیو یارک نیو جرسی سٹیڈیم (میٹ لائف سٹیڈیم) میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی وقت کے مطابق فائنل 20 جولائی کی شب 12 بجے شروع ہوگا۔
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں 104 میچز میں حصہ لیں گی۔ یہ مقابلے امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے 16 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں