دامان ٹی وی اور GCT ڈیرہ کے درمیان معاہدہ، طلبہ کے لیے ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کا آغاز

ڈیرہ اسماعیل خان:نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور عملی پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے دامان ٹی وی اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی (GCT) ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان معاونت کی یادداشت(MOC) پر دستخط کر دیئے گئے۔
معاہدے پر دامان ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد خلیل اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے پرنسپل ملک محمد جاوید نے دستخط کیے۔
مفاہمت کے تحت دونوں ادارے طلبہ کو مارکیٹ اور انڈسٹری کی موجودہ ضروریات سے ہم آہنگ ڈیجیٹل اور سافٹ اسکلز کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے، جبکہ دامان ٹی وی کی جانب سےخیبر پختونخوا کےتربیتی ادارے ٹیوٹا سے منسلکGCT کے طلبہ کو عملی تجربہ حاصل کرنے کے لیے پیڈ انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
دامان ٹی وی کے سی ای او حماد خلیل نے کہا کہ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ایسی عملی اور کیریئر پر مبنی تربیت فراہم کرنا ہے جو انہیں ڈیجیٹل اکانومی میں روزگار کے مواقع سے بہتر طور پر جوڑ سکے۔ ان کے مطابق جدید ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کے لیے مقامی سطح پر روزگار کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم اور بین الاقوامی مواقع تک رسائی میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
GCT کے پرنسپل ملک محمد جاوید نے شراکت داری کو نوجوانوں کو ہنر، عملی تجربے اور جدت کے ذریعے بااختیار بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان ایسی شراکت داریاں طلبہ کو کلاس روم کی تعلیم کے ساتھ عملی دنیا کی ضروریات سمجھنے اور مستقبل کے روزگار کے لیے خود کو تیار کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
دونوں اداروں کے درمیان یہ تعاون بالخصوص ایسے طلبہ کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے جو اپنی تعلیمی قابلیت کے ساتھ عملی تجربہ اور مارکیٹ سے متعلق مہارتیں بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پروگرام کی کامیابی کا انحصار تربیتی مواقع کے مؤثر نفاذ، انٹرن شپ کے معیار اور طلبہ کو عملی روزگار سے جوڑنے کے تسلسل پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں