پروآ سے اغوا ہونے والے 11 ملز ملازمین کی بحفاظت بازیابی، سردار اعزاز خان بلوچ کا اہم کردار

ڈیرہ اسماعیل خان: تحصیل پروآ کی حدود سے 21 اکتوبر کی رات اغوا کیے جانے والے 17 شوگرملز ملازمین میں سے 11 کو کامیاب مذاکرات کے بعد محفوظ طریقے سے بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ اس اہم اور حساس کارروائی کی کامیابی اور مغویوں کی بحفاظت رہائی میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مرحوم سردار امتیاز خان بلوچ کے بیٹے اور ممتاز شخصیت سردار اعزاز خان بلوچ نے انتہائی کلیدی اور مؤثر کردار ادا کیا۔ مل ورکرز کی بحفاظت واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سردار اعزاز خان بلوچ نے کہا کہ تمام ورکرز کی زندگی اور تحفظ ان کی اولین ترجیح تھی اور امن و امان کی بحالی کے لیے مقامی کاوشیں ہمیشہ رنگ لاتی ہیں۔ انہوں نے اس کامیاب پیشرفت اور پرامن حل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مذاکراتی ٹیم، تمام مقامی معاونین اور علاقائی معززین کی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ نیز باقی ماندہ ورکرز کی جلد اور باحفاظت رہائی کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات و کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں