اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ اور ان سے منسلک متعدد مدارس کے خلاف سی ڈی اے نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر اور اندر مبینہ تجاوزات ہٹانے کا نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف مدارس کو بھی بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
سی ڈی اے کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ، واقع مکان نمبر 7، گلی نمبر 83، سیکٹر G-6/4، پر امان اللہ ولد محمد یونس کے نام نوٹیفکیشن چسپاں کیا گیا ہے۔ نوٹس میں گھر کے باہر قائم سیکیورٹی گارڈز کے کیبن اور جنریٹر، جبکہ گھر کے اندر تعمیر کیے گئے اضافی کچن کو قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ 15 روز کے اندر مذکورہ تجاوزات ختم کی جائیں، بصورت دیگر ادارہ خود کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہٹا دے گا۔
نوٹس کے مطابق سی ڈی اے نے اس سے قبل 18 مارچ 2019 کو بھی امان اللہ کو یہی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان سے منسلک متعدد مدارس میں بھی بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کے نوٹسز سامنے آئے ہیں۔ ان میں منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات، غیر مجاز تعمیرات اور عمارتوں کے استعمال سے متعلق خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے مدرسہ اختر العلوم، بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ، کھنہ ڈاک کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔ مدرسے کی انتظامیہ کو 15 روز کے اندر تعمیراتی نقشے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر عمارت سیل کرنے کی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ، تفی القرآن، مکان نمبر 3، اسٹریٹ نمبر 6، سیکٹر F-8/3 میں بھی مبینہ غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے نوٹس کے مطابق مذکورہ عمارت میں سیٹ بیکس پر غیر قانونی تعمیرات اور چھت پر غیر مجاز تعمیرات کی گئی ہیں۔ ادارے کی عمارت کو رہائشی استعمال کے بجائے مدرسے کے طور پر استعمال کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے مدرسے کی انتظامیہ کو تمام نشاندہی شدہ خلاف ورزیاں 15 روز کے اندر ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں عمارت سیل کرنے، جرمانے عائد کرنے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مدارس سمیت مختلف عمارتوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ تاہم یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان سیاسی تناؤ کی خبریں بھی زیرِ گردش ہیں۔