گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا وزارت ہوا بازی کا دورہ، ایوی ایشن حکام کی ڈیرہ انٹرنیشل ایئرپورٹ پر بریفنگ

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزارت ہوابازی کا دورہ کیا جہاں سیکریٹری سول ایوی ایشن سیف انجم نے ان کا استقبال کیا اور اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن صادق الرحمان نے انہیں ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ائیر پورٹ ماضی میں بھی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا منافع بخش روٹ تھا یہ خطہ سی پیک اور اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث خصوصی اہمیت کا حامل ہے جہاں سے علاقائی اور بین الاقوامی فلائٹس چلا کرتی تھیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان انٹرنیشل ایئرپورٹ کا منصوبہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان ہی نہیں بلکہ یہاں سے ملحقہ خیبر پختونخوا ، پنجاب اور بلوچستان کے اضلاع کے باسیوں کے لیے انتہائی ضروری ہے اس منصوبہ سے خطہ میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور خطہ کی تقدیر بدلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبہ پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز انتہائی ضروری ہے تاکہ یہاں سے انٹرنیشنل فلائٹس کا آغاز ہو اور خلیجی ممالک میں موجود اس خطہ کے باسیوں کو آمدورفت میں درپیش ایک بڑی مشکل کا خاتمہ ہو اور سفری مشکلات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔