ڈیرہ اسماعیل خان: ڈپٹی کمشنر منصور ارشد نے کہاہے کہ محرم الحرام ہمیں یکجہتی، بھائی چارے اور یگانگت کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلفام عباس، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، امن کمیٹی کے ممبران، انجمن تاجران، عوامی نمائندوں، علماء کرام، مشران، سول سوسائٹی، پاک فوج، اہل سنت اور اہل تشیع اکابرین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بحیثیت ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان میں میرا دوسرا محرم ہے۔ کسی بھی معاملے میں انفرادی سوچ کو اجتماعی سوچ پر ترجیح دیا جانا بہتر ہوتا ہے اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اسی سوچ کا موجود ہونا نہایت خوش آئند ہے۔ گزشتہ محرم الحرام کے دوان بھی یہاں کے لوگوں میں یکجہتی نظر آئی اور لوگوں نے مل جل کر کام کیے رضاکار بھی بڑھ چڑھ کر نہایت محنت سے کام کرتے رہے اور جس بھائی چارے کی ہم بات کرتے ہیں وہ حقیقت میں دیکھنے کو ملا۔ یہاں کے لوگ امن پسند ہیں اور جو امن اتنی کاوشوں اور محنت سے حاصل ہوا ہے اسے برقرار رکھنے کیلئے تمام لوگ پر عزم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ممبر و محراب سے پیغام امن جانا چاہیے کیونکہ جہاں امن خراب ہوا وہاں ہمیشہ برے نتائج سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت ڈپٹی کمشنر ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی بھی مذہبی تہوار یا عقیدت والا دن ہو تو میرے سامنے کوئی ایک طبقہ نہیں بلکہ پورا ڈیرہ اسماعیل خان میری ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحی کے دوران بھی صفائی کے پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائی گئیں اسی طر ح چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس سی کے ایڈیشنل چارج رکھتے ہوئے محرم الحرام کے لیے بھی صفائی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا ئے گا۔اجلاس کے دوران شرکاء نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو اپنی اپنی آراء بھی پیش کیں جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ملک پاکستا ن کے امن و سلامتی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ آپ سب مل کر ایک گلدستہ بنا رہے ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان کا امن اور خوبصورتی اسی گلدستے کی وجہ سے ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈیرہ اسماعیل خان اور ملک پاکستان کے امن و سلامتی کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔