کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ کا یادگار میچ، آسٹریلیا کے میکسویل نے ڈبل سنچری کر کے ہاری ہوئی بازی پلٹ دی، افغانستان کو شکست

میکسویل نے بازی پلٹ دی، 201 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر افغانستان سے فتح چھین لی، زخمی میکسویل جیت گیا، افغانستان ہار گیا، افغانستان کے 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا، آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
ورلڈ کپ کے 39 ویں میچ میں آسٹریلوی بیٹر گلین میکسویل نے ناقابل یقین بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان سے فتح چھین لی۔
میکسویل کی 201 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گلین میکسویل کی 201 رنز کی اننگز کو ون ڈے کرکٹ کی بہترین اننگز کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، 91 رنز کے مجموعی اسکور پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد میکسویل نے ٹانگ میں تکلیف کے باوجود اکیلے ہی گراؤنڈ میں چھکے چوکے مارے اور افغان بولرز کا بھرکس نکال دیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 291 رنز بنائے، ابراہیم زاندران 129 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
ابراہیم زاندران ورلڈکپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
اس کے علاوہ رحمت شاہ 30 اور حشمت اللہ نے 26 رنز بنائے جبکہ عظمت اللہ 22 ، رحمان اللہ گُرباز 21 اور محمدنبی نے 12 رنز اسکور کیے۔ راشدخان 35 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔