235

سندھ ہائی کورٹ نے زائد قیمت اور غیر معیاری دودھ کی فروخت کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا

سندھ ہائی کورٹ نے زائد قیمت اور غیر معیاری دودھ کی فروخت کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا ہے۔
جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دودھ کی فی کلو قیمت 110 روپے مقررکی گئی ہے۔
جسٹس اقبال کہلوڑو نےاستفسارکیا کہ یہ قیمت کس بنیاد پر110 روپے قیمت مقرر کی گئی۔دودھ میں کیمیکل ملانےکی اطلاعات آرہی ہیں،معیار کون چیک کرتا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی دودھ کا معیار چیک کرتی ہے۔ اس پرعدالت نےاسسٹنٹ کمشنرپربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ اوپرکیوں بیٹھے ہیں اورآپ کا کام اس کودیکھنا ہے۔ عدالت نےاسسٹنٹ کمشنر کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو معلوم ہےکہ کراچی میں 160 روپے فی کلو دودھ مل رہا ہے۔ آپ عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لے رہے ہیں اور آپ کو چاہئے کہ کام بھی کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ فوڈ اتھارٹی بھی سورہی ہے،ان کو چاہئےکہ آج سے آپریشن شروع کریں۔اس پر سندھ فوڈ اتھارٹی کے وکیل نے بتایا کہ ہم روزانہ چھاپے ماررہے ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ صرف دکھاوے کے چھاپے نہیں چاہیئے، جا کر کام کریں۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وکیل نے مزید بتایا کہ کمشنر کراچی خود نگرانی کررہے ہیں اورگراں فروشی کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔عدالت نے گراں فروشی اورغیرمعیاری دودھ کے خلاف کارروائی نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دئیے کہ نوٹیفیکیشن جاری ہو جاتا ہے مگر عمل درآمد نہیں ہوتا۔عدالت نے واضح کر دیا کہ یہ عوام کا براہ راست مسئلہ ہے اور ہم حکم پرعمل درآمد کرائیں گے۔
سندھ ہائی کورٹ نے سندھ فوڈ اتھارٹی اور کمشنر کراچی کو 21 ستمبر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں