ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر کی جانب سے پاکستان سے آئے میڈیا وفد کے اعزاز میں دی جانے والی خصوصی دعوت کے موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور جمہوری عمل کے احترام پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران بنگلہ دیش میں آئندہ ہونے والے عام انتخابات کا بھی ذکر کیا گیا، جہاں پاکستان نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ وہ بنگلہ دیشی عوام کے جمہوری فیصلے کا احترام کرے گا۔
تقریب میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا کہ بنگلہ دیشی عوام بالخصوص نوجوان نسل میں پاکستان کے لیے مثبت جذبات پائے جاتے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط کے فروغ کا مظہر ہیں۔
ہائی کمشنر عمران حیدر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو محض سفارتی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے عوامی، ثقافتی اور فکری روابط کے ذریعے مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا اعتماد جنوبی ایشیا میں استحکام اور تعاون کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔