گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ، مانجھی خیل چیک پوسٹ حملے کے زخمیوں کی عیادت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ، زخمی اہلکاروں کی عیادت، امن و امان پر اعلیٰ سطح اجلاس، دہشت گردی کے خلاف بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

ڈیرہ اسماعیل خان: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، جہاں ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران گورنر نے امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی تحفظ سے متعلق امور پر اعلیٰ حکام سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔

گورنر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا اور ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمی جوانوں کی خیریت دریافت کی، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر زخمی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف برسرِپیکار غازی پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دفاع اور پائیدار امن کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر کے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے ایک صفحے پر ہیں اور امن دشمن عناصر کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور غازی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے۔

گورنر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافے، جدید وسائل کی فراہمی اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں اور امن و استحکام کے قیام میں ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن سمیت دیگر سول و پولیس حکام بھی موجود تھے

اپنا تبصرہ لکھیں