ڈیرہ پولیس کی اسمگلروں کے خلاف کارروائی، 50 کلوگرام چاندی پکڑ لی جس کی مالیت 5 کروڑ سے زائد ہے

ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ درابن کی حدود میں ڈیرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 50 کلوگرام چاندی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق درازندہ چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران انچارج چیک پوسٹ محمد آصف اور اے ایس آئی اللہ نواز نے گاڑی نمبر AXX-569 ICT اسلام آباد ماڈل ہونڈا سوک کی تلاشی کی اور ایس ڈی پی او سرکل درابن انعام اللہ خان کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے گاڑی کی پچھلی سیٹ کے نیچے سے چاندی کے 50 بسکٹ برآمد کر لیے، جن میں سے ہر ایک کا وزن ایک کلوگرام تھا اور ان پر “999.9” کی مہر ثبت تھی۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی چاندی کا مجموعی وزن 50 کلوگرام ہے اور اس کی مالیت پانچ کروڑ روپے سے زائد ہے۔ واقعے کی اطلاع اعلی پولیس افسران کو دے دی گئی ہے جبکہ کسٹمز افسران کے ساتھ بھی رابطہ جاری ہے تاکہ کسٹم ایکٹ کے تحت قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
انعام خان ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ علاقے میں اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں