پنجاب یونیورسٹی شعبہ ڈیجیٹل میڈیا کے زیر اہتمام اکیڈمیااور ڈیجیٹل میڈیا میں مضبوط روابط کیلئے پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد

لاہور: :پنجاب یونیورسٹی شعبہ ڈیجیٹل میڈیا کے زیراہتمام اکیڈمیا اورڈیجیٹل میڈیا کے درمیان روابط مضبوط بنانے کیلئے پالیسی ڈائیلاگ کا انعقادکیا گیا۔تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمدعلی،چیئرپرسن شعبہ ڈیجیٹل میڈیا پروفیسر ڈاکٹر سویرامجیب شامی،ڈاکٹرشفیق کمبوہ، پچیس سے زائد جامعات اورمیڈیاانڈسٹری کے نمائندگان سمیت میڈیا ڈویلپمنٹ سیکٹر سے ارادہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آفتاب عالم اور آئی ایم ایس کے پاکستان میں پروگرام مینیجر عدنان رحمت نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمیں ایسے تربیت یافتہ گرایجوئیٹس پیدا کرنے ہیں جودنیا میں کہیں بھی کام کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا جتنی تیزی سے بدل رہی ہے اندازہ لگانا مشکل ہے آئندہ پانچ سال بعدیہ کیسی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت ہر شعبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسرڈاکٹر سویرا مجیب شامی نے تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بدلتے تقاضوں، طلبہ کی عملی تربیت کیلئے تعلیمی اداروں اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ جامعات اور میڈیا اداروں کے درمیان مضبوط روابط ہی طلبہ کو جدید میڈیا کی ضروریات کے مطابق بہتر تربیت اور عملی مواقع فراہم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔تقریب میں ڈیرہ اسماعیل خان سے دامان ٹی وی کے شریک بانی نصرت گنڈا پور، ہزارہ نیوز کے سی ای او شیر افضل گجر، ٹی این این کے عدنان مہمند، ٹائمز آف کراچی کے ارسلان علی، رپورٹرز کی سعدیہ مظہر اور نیا دور کے علی وارثی نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ڈیجیٹل میڈیا کی تعلیم دینے والے کالجز اور جامعات کے سربراہان نے چاروں صوبوں میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا جو ڈیجیٹل میڈیاسے متعلق نیوز روم اور کلاس رومز کو مربوط کرتے ہوئے طلبہ کو عملی تربیت کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں