ڈیجیٹل میڈیا کلب ڈیرہ میں ایک اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم نیوز پوائنٹ کی شمولیت، ممبران کی تعداد 17 ہو گئی۔
ڈیجیٹل میڈیا کلب ڈیرہ کے ممبر پلیٹ فارمز میں ایک اور اضافہ، علاقے کے معروف نیوز پلیٹ فارم ” نیوز پوائنٹ” کے سی ای او اور ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹ محمد ہارون کو کلب کی رکنیت دے دی گئی ہے۔ جس کے بعد ڈیجیٹل میڈیا کلب کے ممبران کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی ہے۔
اس سلسلے میں محمد ہارون نے ڈیجیٹل میڈیا کلب کے دفتر میں صدر عادل وقار اور جنرل سیکرٹری عمران راجپوت سے ملاقات کے دوران اپنا ممبرشپ فارم جمع کرایا۔
اس موقع پر صدر عادل وقار اور جنرل سیکرٹری عمران راجپوت نے محمد ہارون کو کلب میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ اور غیرجانبدارانہ عوامی صحافتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نیوز پوائنٹ کی شمولیت سے کلب مزید مضبوط ہوگا اور ڈیجیٹل صحافت کے فروغ میں یہ موثر کردار کا حامل ہوگا۔
کلب کے صدر عادل وقار کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کلب ڈیرہ عوامی مفاد پر مبنی، ذمہ دارانہ اور بااصول صحافت پر یقین رکھنے والے تمام ڈیجیٹل جرنلسٹس کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلب کے دروازے ایسے تمام صحافیوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں جو پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق عوامی مفاد میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈیجیٹل میڈیا کلب آزادیٔ صحافت، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے کی مضبوطی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔