تحصیل پروآ میں شوگر ملز کے 15 مغوی ملازمین کو بازیاب نہ کرایا جا سکا، لواحقین کا احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان: تحصیل پروآ کے علاقہ رمک کے قریب منگل اور بدھ کی درمیانی شب شوگر ملز کے اہلکاروں کو اغوا کیے جانے کے واقعے کے خلاف لواحقین نے مغویوں کی فوری بازیابی کے لیے انڈس ہائی وے چودھواں موڑ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کردی۔
روڈ کی بندش کے باعث انڈس ہائی وے کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر ایس ایچ او پروآ عظیم وزیر بھی موقع پر موجود پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ احتجاج کرنے والے لواحقین کا کہنا تھا کہ اغوا کے واقعے کو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مغویوں کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا، جس پر وہ سراپا احتجاج ہیں۔
واضح رہے کہ اغوا ہونے والے شوگر ملز اہلکاروں میں سے پندرہ اہلکاروں کا تعلق تحصیل پروا سے ہے جبکہ تونسہ سے تعلق رکھنے والے مغویوں کو رہا کر دیا گیا تھا۔ لواحقین نے مغویوں کی جلد اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں