ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیجیٹل میڈیا کلب کے صدر عادل وقار کی قیادت میں کلب کے وفد نے کمشنر ڈیرہ ڈویژن دائود خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں عوامی مفاد، انتظامی امور، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، پانی چوری کی روک تھام اور ڈیجیٹل میڈیا کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) عدنان خان اور اسسٹنٹ کمشنر (پول) سجاد بلوچ بھی موجود تھے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر دائود خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور عوامی مفاد کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈیرہ ڈویژن کے تمام انتظامی افسران کو پیٹرول، ایل پی جی اور اشیائے ضروریہ کے سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ اس حوالے سے مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی آر بی سی نہر میں واپڈا عملے کی غفلت کے باعث برسوں سے جاری پانی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ نہر کی بحالی اور پانی چوری کی روک تھام کے لیے محکمہ آبپاشی کا عملہ واپڈا کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ انتظامی افسران اس تمام عمل کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
کمشنر دائود خان نے ڈیجیٹل میڈیا کلب کی پیشہ ورانہ، ذمہ دارانہ اور عوام دوست صحافت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں عوام تک درست اور بروقت معلومات پہنچانے میں ڈیجیٹل میڈیا انتہائی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ ورکنگ جرنلسٹس کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا کلب کی صورت میں ایک متحدہ پلیٹ فارم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صدر عادل وقار اور جنرل سیکرٹری عمران راجپوت کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر ڈیجیٹل میڈیا کلب کے صدر عادل وقار نے کمشنر کو کلب کی کابینہ کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوامی مفاد میں صحافت کرنے والے 11 بڑے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز اس کلب کا حصہ ہیں، جو نہ صرف ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھی مشترکہ جدوجہد کر رہے ہیں۔
کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے اقدامات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کلب کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت میں حالیہ ڈاکٹروں کی بھرتیوں میں سو فیصد میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا، جبکہ زمونگ کور ڈیرہ کی بحالی اور وہاں زیرِ تربیت سو سے زائد بچوں کو معیاری تعلیمی ماحول اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی انتظامیہ بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
آخر میں ڈیجیٹل میڈیا کلب کے صدر عادل وقار نے عوامی فلاح کے لیے کمشنر ڈیرہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ڈیجیٹل میڈیا کلب انتظامیہ کے مثبت اور عوامی مفاد کے اقدامات کو ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے مؤثر انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔