گوگل کا پاکستان میں پہلا مقامی دفتر قائم، 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف میں تعاون کا اعلان

اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں اپنا پہلا مقامی دفتر قائم کر دیا ہے، جسے ملک کی ڈیجیٹل معیشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے اور جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ گوگل کی جانب سے پاکستان میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دینے اور حکومت کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف کے حصول میں تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت پاکستان نے آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی سالانہ برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ حکومت کی ترجیحات میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی، نجی شعبے کی معاونت، روزگار کے نئے مواقع اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجیز سے استفادہ شامل ہے
9 رکنی گوگل وفد کی وزیراعظم سے ملاقات:
گوگل کے 9 رکنی وفد نے، جس کی قیادت کمپنی کے نائب صدر برائے حکومتی امور اور پبلک پالیسی ولسن وائٹ نے کی، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفد میں امریکی ناظم الامور نتالی بیکر بھی شامل تھیں۔
ملاقات میں پاکستان میں گوگل کی سرمایہ کاری، مقامی دفتر کے قیام، ڈیجیٹل معیشت کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ولسن وائٹ نے پاکستان میں مقامی دفتر کے قیام کو کمپنی کی طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوگل پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کی ترقی اور ملک کے 30 ارب ڈالرکے آئی ٹی برآمدی ہدف کے حصول میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
10 برس، 3.9 ٹریلین ڈالر اور 9 لاکھ 60 ہزار روزگار کے مواقع:
گوگل کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران کمپنی نے پاکستان میں مقامی کاروبار، گھریلو صارفین اور ڈیجیٹل معیشت کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گوگل کے مطابق اس عرصے میں کمپنی کی مصنوعات اور خدمات کے ذریعے پاکستان میں 3.9 ٹریلین ڈالر کی معاشی سرگرمی میں معاونت ہوئی، جبکہ تقریباً 9 لاکھ 60 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کیا گیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مقامی دفتر کا قیام صرف آغاز ہے اور مستقبل میں ملک میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر بھی توجہ:
گوگل نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقی کی راہ ہموار کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے بھی ٹیکنالوجی کے شعبے کو معاشی ترقی کا اہم ستون قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومتی پالیسی کے تحت ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، نجی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
پاکستان میں گوگل کے پہلے مقامی دفتر کے قیام کو ملکی ٹیکنالوجی اور آئی ٹی صنعت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں ڈیجیٹل خدمات، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی کی مہارتوں اور برآمدی صلاحیت میں اضافے کے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں