جے یو آئی کے امیدوار پی کے 113 کفیل نظامی کی ڈسٹرکٹ بار آمد تقریب میں انجینئر ضیاء الرحمن کی خصوصی شرکت

ڈیرہ اسماعیل خان : جمعیت علمائے اسلام کے نامزد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی PK113 کفیل احمد نظامی نے کہا ہے کہ وکلاء آئین و قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑرہے ہیں ، وکلاء 8 فروری کو ہمیں ووٹ دیں اور کتاب کے نشان پر مہر لگائیں ، عوام اور وکلاء کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں کامیابی کے بعد ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء کیلئے بجلی کا الگ فیڈر قائم کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ میں جمعیت لائرز فورم کے زیر اہتمام تقریب میں کیا، تقریب میں مرکزی کوارڈینیٹر ڈیجیٹل میڈیا کمیٹی جے یو آئی انجینئر مولانا ضیاء الرحمن نے بھی مہمان خصوصی کی حیثیت میں شرکت کی ، بار آمد پر دونوں مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا ،تقریب میں ڈسٹرکٹ بار کے صدر محمد عرفان ایڈوکیٹ،جنرل سیکرٹری رانا ندیم ایڈوکیٹ، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جمال عبد الناصر ایڈوکیٹ،جمعیت لائرز فورم کے صدر آصف قادر ایڈوکیٹ ، نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ہدایت اللہ ملانہ ایڈوکیٹ، جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ ، ثناء اللہ عرف کاکا شاہ ایڈوکیٹ سمیت سینئر و جونیئر وکلاء نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ مولانا ضیاء الرحمن نے کہا کہ ملک کا متفقہ آئین بنانے میں میرے والد مولانا مفتی محمود کا کردار رہا ہے، جب بھی ملک کی تاریخ لکھی جائے گی ، تو ڈیرہ کا نام اور مفتی محمود کا نام لیا جائے گا، جے یوآئی نے ہمیشہ لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا ہے، ڈیرہ کے تمام میگا پراجیکٹ جے یو آئی کے مرہون منت ہیں ، پی ٹی آئی کے دور میں بیرونی ایجنڈے کے تحت سی پیک روٹ کو رکوانے کیلئے سازش کی گئی لیکن ان سازشوں کو جمعیت نے ناکام بنایا، ایم ایم اے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ، جمال عبدالناصر ایڈوکیٹ نے کہا کہ مولانا برادران نے کفیل احمد نظامی کی شکل میں ان کو ٹکٹ دیگر گیند ڈیرہ کی عوام کی کورٹ میں ڈال دی ہے، اب ہمارا فرض ہے کہ ہم کفیل احمد نظامی اور جمعیت کو ووٹ دیکر کامیاب کریں ،جمعیت لائرز فورم کے صدر آصف قادر نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا ہراول دستہ ہیں ، اسلام کی سربلندی اور آئین کی حکمرانی میں وکلاء کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا 8 فروری جمعیت کی فتح کا دن ہوگا، اس موقع پر کفیل احمد نظامی نے ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کیلئے دو لاکھ روپے فنڈز دینے کا اعلان کیا۔