ڈیرہ اسماعیل خان :سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سردار علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے، ڈیجیٹل میڈیا کلب ڈیرہ نے عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافی خبر کی تصدیق، حقائق کی درستگی اور صحافتی اخلاقیات کو مقدم رکھیں، ذمہ دار اور مثبت صحافت عوامی شعور اجاگر کرنے اور مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کرسکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کلب ڈیرہ اسماعیل خان کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت میں کیا، تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر حامدصدیق، ٹی ایم او عبدالرحمن مروت، فوکل پرسن نواز خان ، فوکل پرسن عادل یاسین ، فوکل پرسن گلزمان سمیت صحافتی برادری، سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران سردار علی امین خان گنڈاپور نے ڈیجیٹل میڈیا کلب ڈیرہ کی نومنتخب کابینہ کے عہدیداران عادل وقار، عمران راجپوت، تیمور اقبال، اسامہ یوسفزئی ،ظہیر عباس بخاری، محمد جاوید، نادیہ نذیر، مریم نواز، وحید پتافی اور زاہد اعوان نے حلف لیا۔تقریب سے ڈیجیٹل میڈیا کلب کے صدر عادل وقار، جنرل سیکرٹری عمران راجپوت اور نصرت گنڈاپور نے بھی خطاب کیا۔سردار علی امین خان گنڈاپور نے نومنتخب کابینہ اور کلب کے تمام اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا اطلاعات کی فراہمی اور عوامی مسائل اجاگر کرنے کا موثر ذریعہ بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافی خبر نشر کرنے سے قبل اس کی تصدیق اور حقائق کی درستگی کو یقینی بنائیں اور صحافتی اخلاقیات کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھیں۔،ان کا کہنا تھا کہ مضبوط اور ذمہ دار میڈیا معاشرے میں احتساب، شفافیت اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔سابق وزیر اعلی نے نومنتخب کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،اس موقع پر نومنتخب عہدیداران اور صحافتی برادری کی جانب سے مہمان خصوصی سردار علی امین خان گنڈاپور کا پرتپاک استقبال بھی کیا گیا۔