الیکشن کچھ دنوں کے لیے موثر ہوں تو کوئی مضائقہ نہیں، امن و امان کی صورتحال سے ٹرن آئوٹ کم ہوا تو دھاندلی ہو سکتی ہے، مولانا فضل الرحمن

ڈیرہ اسماعیل خان: کلاچی سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار آغاز خان گنڈا پور کی شورکوٹ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی موجودگی میں جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اور کلاچی سے جے یوآئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان، اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے آغاز خان گنڈا پور کو روایتی لنگی پہنا کر جے یو آئی کی ٹوپی اور گلے میں جمعیت کا جھنڈا پہنایا، پریس کانفرنس میں ٹانک سے جے یو آئی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی محمود خان بیٹنی ، جے یو آئی کے ضلعی سینئر نائب صدر و امیدوار این اے 45 مولانا عبیدالرحمن ، سوشل میڈیا کے مرکزی کوارڈینیٹر انجینئر مولانا ضیاء الرحمن ، امیدوار صوبائی اسمبلی سٹی ون کفیل احمد نظامی ، امیدوار صوبائی اسمبلی سٹی ٹو سمیع علیزئی ، جے یو آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ اور دیگر رہنما موجود تھے، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی چاہتے ہیں ، تاریخ گواہ ہے خطے کی ترقی کیلئے گومل یونیورسٹی ، سی پیک ، سی آر بی سی نہر ، مفتی محمود ہسپتال جیسے بڑے میگا پراجیکٹس ہمارے مرہون منت ہیں ،ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقی کا یہ سفر ہم جاری رکھیں گے، گزشتہ دنوں میری سکواڈ کی گاڑیوں کو گولیاں لگی ہیں ، میں گھر میں موجود تھا ، یہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی عکاس ہے خیبر پختونخوا اور بلوچستان دونوں میں امن و امان کے حالات خراب ہیں باجوڑ، ٹانک اور دیگر اضلاع میں حالات سب کے سامنے ہیں ،حملے ہورہے ہیں ،ایسی صورت میں الیکشن مہم کیسے چلے گی ،جو کچھ ہوا ہے حالات کا تجزیہ نہیں کیا گیا لیول پلیئنگ فیلڈ صرف ایک پارٹی کی بات نہیں دو صوبوں کو بھی یکساں پرامن ماحول فراہم کیا جائے ،ہم الیکشن چاہتے ہیں یہ آئینی تقاضا ہے مگر پنجاب اور سندھ کی طرح پرامن ماحول بھی فراہم کیا جائے ،سیکورٹی سے عوام اور تاجروں کو بھی تو پریشانی ہوتی ہے سیکورٹی تو ہمیں فراہم کی جاتی ہے مگر ہر امیدوار کو تو میسر نہیں ، میں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی تو بعد میں تھریٹ لیٹر آگیا ، پی پی پی کے امیدوار بھی اس سیکورٹی کے حوالے سے پریشان ہیں اگر کسی بھی وجہ سے ٹرن آئوٹ کم ہوا تو یہ دھاندلی کا امکان پیدا کرے گا۔ پرامن ماحول کے لیئے اگر الیکشن کچھ دن آگے جاتے ہیں تو کوئی مضائقہ نہیں،انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ چار سالوں میں معیشت تباہ ہوئی ہم نے گزشتہ پندرہ ماہ میں ملک کو دیوالیہ پن سے نکالا ،آج عالمی برادری اور دوست ممالک کہتے ہیں کہ اگر سابقہ لاڈلے ہی لانے ہیں تو ہم پھر پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری ضائع نہیں کرنا چاہتے ، قانونی کارروائی میں عمران کے مخالفین اگر مستحق بنتے ہیں تو وہ خود کیوں بالا تر ہے وہ پاکستان کے دفاع اور بقا و سالمیت کے لیئے خطرہ ہے ،افغانستان کی صورتحال پر وہاں سے دورہ کی دعوت آئی ہے ملک میں انتخابی ماحول کی وجہ سے دورہ افغانستان فوری نہ کرسکا ،اگلے ہفتہ افغانستان کا دورہ متوقع ہے ہمارے ان سے ثقافت ،کلچر ،محبت ،اسلامی تعلق ایک ہے ،بداعتمادی کا تعلق ختم ہونا چاہیئے ۔ کاغذات صرف پی ٹی آئی کے مسترد نہیں ہوئے متعدد امیدواروں کے مسترد ہوئے ہیں ،ڈیرہ اسماعیل خان کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ پر ہمیں ادراک ہے ہر فورم پر اسکے حل کیلئے متحرک ہیں ،ہم انشااللہ انتخابات کے بعد پورے ملک کو لوڈ شیڈنگ فری کرینگے۔