نجی تنظیم کے تحت سیلاب سے بچائو کے حفاظتی پشتے کی تعمیر

ڈیرہ اسماعیل خان :سرحد رورل سپورٹ پروگرام اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے زیر اہتمام تحصیل پروا کے گائوں جمعہ شریف میں عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر زبیر خان تھے، جبکہ انوائرمنٹل آفیسر یوسف ملک، ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر بابر قیصر قریشی اور علاقے کے معززین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے مثر اور عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ جنگلات اور درختوں کے غیر ضروری کٹا کی روک تھام اور ماحول دشمن سرگرمیوں کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ اگر آج ماحول کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں اس کے منفی اثرات بھگتنے پر مجبور ہوں گی۔تقریب کے موقع پر گائوں جمعہ شریف اور اس سے ملحقہ آبادیوں اور زرعی اراضی کو سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تعمیر کیے گئے حفاظتی پشتے کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس منصوبے سے مقامی آبادی اور زرعی زمینوں کو ممکنہ سیلابی نقصانات سے تحفظ فراہم ہوگا۔علاقہ مکینوں نے حفاظتی پشتے کی تعمیر اور عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے آگاہی تقریب کے انعقاد پر سرحد رورل سپورٹ پروگرام اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں